وزیراعظم نے نیشنل آئی ٹی پارک کا افتتاح کر دیا

یہ منصوبہ محض ایک عمارت نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی، جدت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا مرکز ہے۔شہباز شریف

October 10, 2026 · قومی
وزیراعظم نے نیشنل آئی ٹی پارک کا افتتاح کر دیا(فوٹو سوشل میڈیا فیس بک)

وزیراعظم نے نیشنل آئی ٹی پارک کا افتتاح کر دیا(فوٹو سوشل میڈیا فیس بک)

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ملک کے پہلے جدید نیشنل آئی ٹی پارک کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم نے اس منصوبے کو ملکی ترقی، خوشحالی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیش رفت کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل آئی ٹی پارک نوجوانوں کے لیے روزگار اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ اس منصوبے کا سنگ بنیاد 2017-2018 میں رکھا گیا تھا، جبکہ اس کی تکمیل مصنوعی ذہانت اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی جانب اہم قدم ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ محض ایک عمارت نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی، جدت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا مرکز ہے۔ اس کے ذریعے نئی کمپنیوں اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی ایسے منصوبوں کو وسعت دی جائے گی۔

شہباز شریف نے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے پر وزیرِ اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک وفد کے ہمراہ جنوبی کوریا کا دورہ بھی کر چکے ہیں، جبکہ دانش یونیورسٹی کے قیام پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے اطلاعاتی ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزارت کی ٹیم نے نیشنل آئی ٹی پارک کی تکمیل کے لیے بھرپور محنت کی ہے۔ انہوں نے منصوبے میں تعاون کرنے والے تمام متعلقہ اداروں اور افراد کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

شزا فاطمہ خواجہ کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں قائم سہولت مراکز سے شہری فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ پاکستان کا پہلا اطلاعاتی ٹیکنالوجی ٹاور لاہور میں ارفع کریم کے نام سے قائم کیا گیا تھا، جبکہ پنجاب بھر میں بھی سہولت مراکز کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔