وزیراعظم شہباز شریف کا صدر آذربائیجان سے رابطہ
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستی اور مضبوط شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا صدر آذربائیجان سے رابطہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستی اور مضبوط شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاسی ہم آہنگی کو اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مزید تعاون میں تبدیل کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور اہم قومی معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت تعلقات کی مضبوط بنیاد ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ اسلام آباد میں قائم آسان خدمت مرکز کی پیش رفت کو بھی سراہا۔ یہ مرکز آذربائیجان کے آسان خدمت نظام کی طرز پر بنایا گیا ہے اور اسے دونوں ممالک کے تعاون کی عملی مثال قرار دیا گیا۔
وزیراعظم کی درخواست پر صدر الہام علیوف نے پاکستان بھر میں آسان خدمت مراکز کا دائرہ بڑھانے کے لیے آذربائیجان کی معاونت اور مہارت فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے اس تعاون پر آذربائیجان کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
بات چیت میں علاقائی اور عالمی صورت حال بھی زیر بحث آئی۔ وزیراعظم نے خطے میں امن کے قیام، مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے صدر علیوف کو آگاہ کیا۔ آذربائیجان کے صدر نے ان کوششوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔
گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دے کر دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی، خوشحالی اور باہمی فائدے کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔