صوابی میں ہمارا پلان سن کر مخالفین کے ہوش اڑ جائیں گے، سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مردان میں لانگ مارچ شرکا سے خطاب، صوابی پہنچنے کی اپیل
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مردان میں لانگ مارچ شرکا سے خطاب۔ فائل فوٹو
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ کل صوابی میں ہمارا پلان سن کر مخالفین کے ہوش اڑ جائیں گے، اس بار لوگوں کی اتنی بڑی تعداد جمع ہوگی کہ کسی کو گولی چلانے کی ہمت نہیں ہوگی۔
منگا بازار مردان میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ آج مردان میں ہر جگہ دفعہ 804 نافذ ہے، میں سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔
انہوں نے ملک بھر سے عوام کو اپنے پارلیمنٹیرینز کی قیادت میں کل صوابی پہنچنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم صوابی میں آپ کا استقبال بھی کریں گے اور خیال بھی رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان سے محبت کرنے والے ہر حال میں صوابی پہنچیں گے۔ گاڑی میسر نہ ہوئی تو موٹر سائیکل، وہ بھی نہ ہوئی تو سائیکل پر، یہاں تک کہ پیدل بھی پہنچنا پڑا تو پہنچیں گے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اس بار لوگ اتنی بڑی تعداد میں ہوں گے کہ کسی کو گولی چلانے کی ہمت نہیں ہوگی۔ ہم ظالمانہ ہتھکنڈوں سے پیچھے ہٹنے والے نہیں، ایک کروڑ بزدلوں سے ایک ہزار بہادر بہتر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوابی میں ہمارا پلان سن کر مخالفین کے ہوش اڑ جائیں گے، ہمارا پرامن احتجاج آگے بڑھے گا۔ پرامن رہنا ہے اور کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے کا موقع نہیں دینا۔