خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا خدشہ،پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس طلب

شوکت یوسفزئی کاایمرجنسی کےنفاذ پر ردعمل،پی ٹی آئی کامطالبات کی منظوری تک لانگ مارچ جاری رکھنےکااعلان

October 10, 2026 · قومی

پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کا خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ پر ردعمل، کور کمیٹی کا اجلاس طلب۔ فائل فوٹو

خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے خدشات کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، جو آج رات وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے فیصلے سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نہیں لگا سکتی۔ ان کے بقول ایمرجنسی نافذ کرنا حکومت کا سب سے بڑا احمقانہ فیصلہ ہوگا۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ایمرجنسی کسی صورت مسئلے کا حل نہیں اور نہ ہی اس سے موجودہ بحران ختم ہوسکتا ہے۔ ابھی بھی وقت ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کے مطالبات تسلیم کرے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرائے تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ مولانا فضل الرحمان کی ثالثی سے فائدہ اٹھایا جائے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کی باتیں پی ٹی آئی کو دباؤ میں لانے کے لیے کی جارہی ہیں، تاہم پارٹی کسی دباؤ میں نہیں آئے گی اور مطالبات کی منظوری تک لانگ مارچ جاری رہے گا۔

پی ٹی آئی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ ان کے بقول فیصلے کے باوجود وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ نہیں کرسکتی۔