لائبہ خودکشی کیس میں بڑی پیش رفت، مرکزی ملزم کی دو ساتھی خواتین بھی گرفتار

نعمان کو اسلام آباد کے علاقے ایچ 13 سے گرفتار کیا گیا تھا، جہاں وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے کرائے کے کمرے میں روپوش تھا،پولیس

October 11, 2026 · قومی
لائبہ خودکشی کیس میں بڑی پیش رفت، مرکزی ملزم کی دو ساتھی خواتین بھی گرفتار

لائبہ خودکشی کیس میں بڑی پیش رفت، مرکزی ملزم کی دو ساتھی خواتین بھی گرفتار

اسلام آباد: لائبہ خودکشی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مرکزی ملزم نعمان کی نشاندہی پر مبینہ گروہ میں شامل دو خواتین کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق نعمان کو اسلام آباد کے علاقے ایچ 13 سے گرفتار کیا گیا تھا، جہاں وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے کرائے کے کمرے میں روپوش تھا۔ لائبہ کی خودکشی کا مقدمہ تھانہ رمنا میں درج کیا گیا تھا، جس کی تفتیش کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مزید دو خواتین کو حراست میں لیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق لائبہ کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر دھوکا دیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے موبائل فون سے آن لائن فراڈ اور خواتین کو بلیک میل کرنے سے متعلق شواہد بھی ملے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نعمان ماضی میں کوئٹہ کے محکمہ اینٹی کرپشن میں ملازم رہ چکا ہے، جہاں مبینہ طور پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کے معاملے پر اسے معطل کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزم نے متعدد انکشافات کیے ہیں، تاہم تحقیقات مکمل ہونے تک ان تفصیلات کو سامنے نہیں لایا جا رہا۔ مرکزی ملزم اور گرفتار خواتین سے تھانہ رمنا میں تفتیش جاری ہے۔