لانگ مارچ کی ڈیوٹی، پولیس اہلکار ناقص کھانے اور گندے واش رومز سے پریشان

پولیس اہلکاروں کو کھانے اور رہائش کی سہولیات سے متعلق مشکلات کا سامنا ہے۔

October 11, 2026 · قومی
لانگ مارچ کی ڈیوٹی، پولیس اہلکار ناقص کھانے اور گندے واش رومز سے پریشان

لانگ مارچ کی ڈیوٹی، پولیس اہلکار ناقص کھانے اور گندے واش رومز سے پریشان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب کے مختلف علاقوں سے اسلام آباد تعینات کیے گئے پولیس اہلکاروں کو کھانے اور رہائش کی سہولیات سے متعلق مشکلات کا سامنا ہے۔

لانگ مارچ کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے لیے پنجاب بھر سے اضافی پولیس نفری طلب کی گئی ہے، جس میں سیکڑوں اہلکار شامل ہیں۔ تاہم روات میں قیام کرنے والے پولیس اہلکاروں کی جانب سے سہولیات کے فقدان کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں روات میں ٹھہرائے گئے 700 سے زائد پولیس اہلکاروں کو کھانے کے معیار، رہائش کی نامناسب صورت حال، گندے واش رومز اور پینے کے پانی کی قلت سے متعلق شکایات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس اہلکاروں کی جانب سے سامنے آنے والی شکایات کے مطابق انہیں قیام کے دوران بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے، جس کے باعث ان کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اس سے قبل بھی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں پولیس اہلکاروں نے فراہم کیے جانے والے کھانے میں کیڑے موجود ہونے کی شکایت کی تھی۔