تحریک انصاف احتجاج کے نام پر من گھڑت اور پرانی ویڈیوز کا سہارا لے رہی ہے۔عظمیٰ بخاری

بھارتی شہری کی جانب سے بھی جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا۔

October 12, 2026 · اہم خبریں
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی ہیں۔

 

 وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مبینہ جعلی پروپیگنڈا سختی سے بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کے نام پر من گھڑت اور پرانی ویڈیوز کا سہارا لیا جا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جامشورو میں پیش آنے والے ایک بوائلر دھماکے یا واقعے کی پرانی ویڈیو کو پشاور میں احتجاج سے منسوب کیا گیا ہے۔ اسی طرح ایک بھارتی شہری اشوک سوان نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے ایک احتجاج کی ویڈیو کو اسلام آباد کے احتجاج کے طور پر پیش کیا۔

عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ جعلی لیڈرشپ، جعلی انقلاب اور جعلی احتجاج کرنے والوں کا یہی وطیرہ رہ گیا ہے، اگلی بار یہ چاند پر بھی جلسہ کروا کر ناسا کی کوئی پرانی ویڈیو لگا دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس صوبائی حکومت کے زیر سایہ دہشت گرد محفوظ ہوں، جہاں پولیس کو نہتی کر کے عوام کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے وہاں صورتحال ایمرجنسی جیسی ہی ہوتی ہے۔ وزیر اطلاعات نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ 13 سال میں متعلقہ صوبے کو کیا دیا اور خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا، یہ سب روز روشن کی طرح عیاں ہے۔