وفاق اورخیبرپختونخواحکومت ایک پیج پر ہیں،محسن نقوی کا پشاور میں اعلان

اہم بیٹھک، سیکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، نفاذ فوری ہوگا

October 12, 2026 · قومی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔

 

پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورت حال، دہشتگردی کے خاتمے، سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آج پہلا دن ہے کہ وہ فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ وفاق اور صوبائی حکومت ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت میں زیادہ مشکل یہ تھی کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑنے والے شہادتیں دے رہے تھے لیکن وہاں کوئی جنازوں میں بھی شرکت نہیں کرتا تھا۔ وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر ہم ایک پیج پر ہیں تو کوئی صورت نہیں کہ ہم اس جنگ میں ہار جائیں، اور صوبائی حکومت کی قیادت میں صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ ہم ترقیاتی منصوبوں کی قربانی تو دے سکتے ہیں لیکن سیکیورٹی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے اقدامات واضح نظر آئیں گے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں بھرپور اضافہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں سیکیورٹی پلان کا ازسرنو جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کو درکار جدید اسلحہ اور سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی۔