فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برازیلی فوجی وفد کی ملاقات،دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

جی ایچ کیو میں ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی،دوطرفہ عسکری تعلقات اوردفاعی تعاون کےفروغ پرتبادلہ خیال

October 12, 2026 · قومی

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے برازیلی فوجی وفد کی جی ایچ کیو میں ملاقات، دفاعی تعاون اور دوطرفہ عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق۔ فائل فوٹو

برازیل کے اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں وفد کی آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برازیلی وفد کی قیادت برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریرے نے کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں فریقوں نے پاکستان اور برازیل کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ برازیلی معزز مہمان نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق برازیلی وفد کے سربراہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔