آزاد کشمیر:ہجیرہ کے سرحدی گاؤں میں بھارتی فوج کی بارودی سرنگ پھٹنے سے چار نوجوان شہید

مہنڈلہ گاؤں میں چشمےکے پائپ کی مرمت کے دوران دھماکا ہوا،کمشنر پونچھ نےواقعے کی تصدیق کردی

October 12, 2026 · قومی
باجوڑ میں دھماکے سے دو بچے زخمی جبکہ ٹانک میں ہیلتھ یونٹ تباہ

آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل ہجیرہ کے سرحدی گاؤں مہنڈلہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں چار نوجوان شہید، واقعے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ فائل فوٹو

آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل ہجیرہ کے سرحدی گاؤں مہنڈلہ میں بارودی سرنگ پھٹنے سے چار نوجوان شہید ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق مہنڈلہ گاؤں میں چشمے کے پائپ کی مرمت کے دوران آئی ڈی پھٹنے سے دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں چاروں نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

مقامی عمائدین کے مطابق بھارتی فوج نے چشمے کے قریب آئی ڈی (بم) نصب کی تھی، جو پھٹ گئی۔ شہید ہونے والوں میں سردار فیضان صغیر، سردار اشتیاق، عاصم رفیق اور وقاص شریف شامل ہیں۔ چاروں نوجوانوں کا تعلق دولی برادری سے تھا اور ان کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان تھیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق ہجیرہ میں دھماکا بھارتی قابض افواج کی جانب سے بچھائی گئی اینٹی پرسنل لینڈ مائن سے ہوا۔ ممکنہ طور پر یہ بارودی سرنگ بھارتی مقبوضہ علاقے سے بہہ کر آزاد کشمیر میں آگئی تھی۔

دھماکے میں شہید ہونے والے چاروں نوجوانوں کی میتیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال ہجیرہ منتقل کردی گئیں۔

کمشنر پونچھ سردار وحید نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا پتا لگایا جا رہا ہے۔