عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات ضروری ہیں،وزیر خزانہ
پاکستان تنظیم کی آئندہ صدارت کے دوران ترقی پذیر معیشتوں کے مفادات کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گا۔
عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات ضروری ہیں،وزیر خزانہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو درپیش معاشی چیلنجز کے مطابق مالیاتی نظام میں تبدیلیاں لانا ناگزیر ہے۔
جی 24 کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان تنظیم کی آئندہ صدارت کے دوران ترقی پذیر معیشتوں کے مفادات کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گا۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دنیا میں بڑھتی ہوئی تقسیم کے باعث تجارت اور سرمایہ کاری کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات ترقیاتی کامیابیوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق سخت مالیاتی حالات اور مالی وسائل کی کمی بھی ترقی پذیر ممالک کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ جی 24 کی بنیادی ترجیحات میں بین الاقوامی مالیاتی نظام میں ترقی کو مرکزی حیثیت دینا شامل ہے۔ اس کے ساتھ بریٹن ووڈز اداروں کو زیادہ نمائندہ بنانے اور انہیں رکن ممالک کی ضروریات کے مطابق مؤثر انداز میں کام کرنے کے قابل بنانا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی نظام کو اس انداز میں تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو ترقی کے فروغ اور معاشی استحکام کو ترجیح دے۔
محمد اورنگزیب نے نائیجیریا کی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیادہ جامع، مستحکم اور ترقی پر مبنی عالمی معاشی نظام کے قیام کے لیے رکن ممالک اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔