پاک فوج کا ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج کا کامیاب تجربہ
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل دشمن کےدفاعی نظام کو شکست دینےکی صلاحیت رکھتا ہے
: پاک فوج کے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج کا کامیاب تجربہ، آئی ایس پی آر۔
پاک فوج نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج (ER) کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اکتوبر 2026 کو کیے گئے اس تجربے میں جدید نیویگیشن اور جدید ترین ایویونکس سے لیس میزائل کے نظام کا کامیاب تجرباتی لانچ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج میزائل اعلیٰ درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی منفرد پرواز کی سمت اور سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت کے باعث یہ دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کی اہلیت رکھتا ہے۔ میزائل کی توسیع شدہ رینج پاک فوج کی دور تک اہداف کو نشانہ بنانے کی پہنچ اور صلاحیت میں مزید اضافہ کرے گی۔
تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران اور سائنس دانوں اور انجینئرز نے کیا۔ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے سائنس دانوں اور انجینئرز کی لگن اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح ٹو میزائل کے ایکسٹینڈڈ رینج ورژن کے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی۔