تھانہ اوگی پولیس کی کارروائی،چوری کئے گئے 19 دنبے برآمد،3 ملزمان گرفتار
جنگل شنگری سے دنبے چوری ہونے کا مقدمہ درج،برآمد شدہ تمام جانور مالک کے حوالے،تفتیش جاری
مانسہرہ: اوگی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری کیے گئے 19 دنبے برآمد کرکے مالک کے حوالے کر دیے، جبکہ تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ فائل فوٹو
مانسہرہ تھانہ اوگی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری کیے گئے 19 دنبے برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق لنڈی کھبل کے رہائشی غازی خان ولد میرزمان نے پولیس کو رپورٹ درج کرائی کہ وہ بھیڑیں اور دنبے پالنے کا کاروبار کرتا ہے۔ 26 ستمبر 2026 کو وہ صبح کے وقت اپنے 70 دنبے چرانے کے لیے جنگل شنگری لے گیا تھا۔ دن 12 بجے کے قریب دنبے جنگل میں چھوڑ کر کھانا کھانے اور نمازِ ظہر ادا کرنے کے لیے آیا۔ واپس جا کر پڑتال کی تو 19 دنبے غائب تھے۔
پولیس نے مدعی کی رپورٹ پر تھانہ اوگی میں مقدمہ درج کرکے کارروائی کی اور نیک محمد ولد مسکین سکنہ پٹیاں، داؤد ولد محمد یعقوب سکنہ لنڈی کھبل اور بخت روید ولد جلاد سکنہ سوات کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری کیے گئے تمام 19 دنبے برآمد کرکے مالک کے حوالے کر دیے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔