کوئٹہ طیارہ حادثے میں شہید میجر حسنین شہزاد اور کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ ادا

وزیراعظم شہباز شریف،فیلڈ مارشل عاصم منیر،اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہداء کے اہلخانہ کی شرکت

October 13, 2026 · قومی

راولپنڈی کے چکلالہ گیریژن میں مشاق تربیتی طیارہ حادثے میں شہید میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ ادا کی جا رہی ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

راولپنڈی: کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب مشاق تربیتی طیارے کے افسوسناک حادثے میں 12 اکتوبر 2026 کو شہید ہونے والے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ آج چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی (ایم)، ایچ جے، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر اطلاعات و نشریات، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہداء کے اہلخانہ نے شرکت کی۔

پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے دونوں بہادر افسران کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی بہادری، لگن اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی قوم کے لیے ہمیشہ باعث فخر رہے گی۔

دونوں شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔