اپوزیشن کا گرفتار 9 ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ
چیف وہپ عامر ڈوگرکا اسپیکر ایازصادق کوخط،رول 108کےتحت گرفتارارکان کی ایوان میں شرکت یقینی بنانےکی درخواست
پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے گرفتار 9 ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خط ارسال کردیا۔
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے گرفتار ارکان کی ایوان کے اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کردیا اور اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خط ارسال کردیا ہے۔
عامر ڈوگر نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ اپوزیشن کے گرفتار 9 ارکان کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی حلقے کو قومی اسمبلی میں نمائندگی سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔
اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی تمام گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کریں۔ خط میں قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے رول 108 کے تحت پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
عامر ڈوگر کے مطابق گرفتار ارکان میں حاجی امتیاز احمد چوہدری، جمال احسن خان، میاں غوث محمد، ثنا اللہ خان مستی خیل، داوڑ خان کنڈی، جنید اکبر، امجد علی خان، فضل محمد خان اور عادل خان بازی شامل ہیں۔
چیف وہپ عامر ڈوگر نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ تمام ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں تاکہ وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرسکیں۔