ایم کیو ایم کی وزیراعظم سے ملاقات،خیبرپختونخوا سے متعلق حکومتی فیصلوں کی حمایت کا اعلان

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، دہشت گردی اور مذاکرات کی کوششوں پر تبادلہ خیال

October 13, 2026 · قومی

وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وفد ملاقات کر رہا ہے، جس میں خیبرپختونخوا سے متعلق حکومتی فیصلوں اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کنوینر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت وفد نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کے وفد نے خیبرپختونخوا سے متعلق حکومتی فیصلوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کو خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اعتماد میں لیا اور کہا کہ صوبے کے عوام کے بہترین مفاد میں یہ مشکل ترین فیصلہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بھرپور کوشش کی کہ کسی طرح یہ انتہائی قدم نہ اٹھانا پڑے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے کھلے دل سے مذاکرات کیے، لیکن دوسری جانب سے مثبت جواب نہیں ملا۔ خیبرپختونخوا میں بڑھتے ہوئے دہشت گردانہ حملوں میں عام شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جا رہا تھا، جبکہ صوبائی حکومت دہشت گرد گروہوں کے خلاف کھل کر آواز اٹھانے میں ناکام رہی۔

شہباز شریف نے کہا کہ لانگ مارچ ملک کی بہتر ہوتی ہوئی معیشت کو تباہ کرنے کی سازش تھی۔

ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم کو خیبرپختونخوا سے متعلق حکومتی فیصلوں پر اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

ملاقات میں شریک ایم کیو ایم کے وفد کے ارکان

وفد میں وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، سینیٹر عامر ولی الدین چشتی، سینیٹر خالدہ اتیب، اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار، عبدالعلیم خان، سید وسیم حسین، آسیہ اسحاق صدیقی، محمد جاوید حنیف خان، محمد معین عامر پیرزادہ، محمد اقبال خان، حسان صابر، صادق افتخار، ارشد عبداللہ وہرا، سید حفیظ الدین، سید امین الحق، خواجہ اظہار الحسن، احمد سلیم صدیقی، فرحان چشتی، نکہت شکیل خان، سبہین غوری، رانا انصر، صوفیہ سعید شاہ اور سنجے پروانی شامل تھے۔

حکومتی شخصیات کی شرکت

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔