کوہستان کرپشن اسکینڈل،ملزم کے اہلخانہ کی 5 کروڑ 53 لاکھ روپے کی جائیداد نیب کو واپس
محمد نصیر کی پلی بارگین درخواست، بیٹے اور بیٹی کے بیانات احتساب عدالت میں قلم بند
ایبٹ آباد: کوہستان کرپشن اسکینڈل میں نامزد ملزم محمد نصیر کے اہلخانہ نے 5 کروڑ 53 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد رضاکارانہ طور پر نیب کے حوالے کردی، جبکہ ملزم اور اس کے بچوں کے بیانات احتساب عدالت میں قلم بند کرلیے گئے۔
خیبرپختونخوا کے کوہستان مالی اسکینڈل میں نامزد ایک ملزم کے اہلخانہ نے رضاکارانہ طور پر 5 کروڑ 53 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا کے حوالے کردی، جس کے بعد ملزم کے بیٹے اور بیٹی کے بیانات عدالت میں قلم بند کرلیے گئے۔
نیب پراسیکیوٹر کے مطابق کرپشن اسکینڈل میں نامزد ملزم محمد نصیر کے بیٹے اور بیٹی نے رضاکارانہ طور پر مذکورہ جائیداد نیب کے حوالے کی ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم محمد نصیر پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر کوہستان اسکینڈل کی رقم سے اپنے بیٹے اور بیٹی کے نام پر ایبٹ آباد میں 10 مرلے اور 33 مرلے کے مکانات خریدے تھے۔
احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے ملزم اور اس کے دونوں بچوں کے حلفیہ بیانات ریکارڈ کیے۔ ملزم کے بچوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ ان کے والد نے یہ جائیداد کوہستان اسکینڈل کی مبینہ رقم سے خریدی تھی۔
نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم محمد نصیر نیب کو پلی بارگین کے لیے درخواست بھی دے چکا ہے۔ عدالت نے جائیداد واپس کرنے کے معاملے پر ملزم اور اس کے دونوں بچوں کے بیانات قلم بند کرلیے ہیں۔