مریم نواز نے لائیو اسٹاک کارڈ فیز 2 کا افتتاح کر دیا
لائیو اسٹاک کارڈ کے پہلے مرحلے میں جاری کیے گئے قرضوں کی واپسی کی شرح 96 فیصد رہی۔
مریم نواز نے لائیو اسٹاک کارڈ فیز 2 کا افتتاح کر دیا(فوٹو سوشل میڈیا ایکس)
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لائیو اسٹاک کارڈ کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کر دیا، جس کے تحت مویشی پالنے والے کسانوں کو مجموعی طور پر 16 ارب 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
تقریب کے دوران دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیو اسٹاک کارڈ کے پہلے مرحلے میں جاری کیے گئے قرضوں کی واپسی کی شرح 96 فیصد رہی۔
لائیو اسٹاک کارڈ فیز 2 کے تحت فی مویشی 27 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کسان قرض کی رقم کا 25 فیصد حصہ اے ٹی ایم کے ذریعے نقد بھی حاصل کر سکیں گے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب سے گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے سعودی عرب، چین، آذربائیجان اور یورپی منڈیوں میں برآمدی معاہدے کیے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق صوبے کی گوشت کی برآمدات میں ایک سال کے دوران 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔