رحمان بابا ایکسپریس حادثے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی
حادثے کی بنیادی وجہ ٹرین کی دوسری بوگی کے نیچے موجود ایک پرزے کا ریلوے کراسنگ کے بلاک میں پھنسنا بنی۔
رحمان بابا ایکسپریس حادثے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی
ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ میں اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ ٹرین کی دوسری بوگی کے نیچے موجود ایک پرزے کا ریلوے کراسنگ کے بلاک میں پھنسنا بنی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسری بوگی کے نیچے نصب ٹرس بار ہینگر کا ایک حصہ ریلوے کراسنگ کے بلاک سے ٹکرانے کے بعد اس میں پھنس گیا، جس کے باعث بوگی کا ایک پہیہ پٹری پر چڑھ گیا۔ اس کے نتیجے میں ٹرین کی 14 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
تحقیقاتی معلومات کے مطابق حادثے کے مقام سے ٹرس بار ہینگر کا باقی حصہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر پرزے بھی ریلوے کراسنگ میں پھنسے ہوئے پائے گئے۔
ریلوے ذرائع نے بتایا کہ ٹرین صبح پانچ بجے 672 ٹن وزن کے ساتھ روانہ ہوئی تھی۔ انجن اور سامان لے جانے والی وین بحفاظت ریلوے کراسنگ سے گزر گئے، تاہم دوسری بوگی کے نیچے موجود پرزہ پھنسنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔
دوسری جانب حادثے کے نتیجے میں ریلوے کے مختلف شعبوں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔