پاکستان کی معاشی شرح نمو 4 فیصد یا اس سے زیادہ رہنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ
اجلاس میں مسلسل تین سال تک بنیادی مالیاتی سرپلس برقرار رہنے اور مالیاتی خسارے کے 22 سال کی کم ترین سطح پر آنے کو اہم پیشرفت قرار دیا گیا
پاکستان کی معاشی شرح نمو 4 فیصد یا اس سے زیادہ رہنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے توقع ظاہر کی ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 4 فیصد یا اس سے زائد رہ سکتی ہے۔
وزیر خزانہ نے خودمختار سرمایہ کاروں کے گول میز اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہونے والی معاشی پیشرفت اور اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مسلسل تین سال تک بنیادی مالیاتی سرپلس برقرار رہنے اور مالیاتی خسارے کے 22 سال کی کم ترین سطح پر آنے کو اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
اجلاس میں قرضوں پر اخراجات کم کرنے اور ان کی ادائیگی کی مدت بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر، مہنگائی اور بیرونی شعبے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
شرکا نے توانائی کے تحفظ، مستحق طبقات کے لیے ہدفی مالی ریلیف اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مالی معاونت جیسے امور پر بھی گفتگو کی۔
محمد اورنگزیب نے اس موقع پر معاشی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 4 فیصد یا اس سے زیادہ رہ سکتی ہے۔