میر رضا کیس کی انکوائری رپورٹ مکمل،کل اہم پیشرفت متوقع
کمیشن نے سیکریٹری داخلہ کو کل طلب کر لیا ہے، جبکہ رجسٹرار جوڈیشل کمیشن رپورٹ سیکریٹری داخلہ کے سپرد کریں گے۔
میر رضا کیس کی انکوائری رپورٹ مکمل،کل اہم پیشرفت متوقع
کراچی: میر رضا کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جوڈیشل کمیشن نے انکوائری رپورٹ مکمل کر لی ہے، جسے کل صبح 10 بجے سندھ حکومت کے حوالے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کمیشن نے سیکریٹری داخلہ کو کل طلب کر لیا ہے، جبکہ رجسٹرار جوڈیشل کمیشن رپورٹ سیکریٹری داخلہ کے سپرد کریں گے۔
واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیس سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر ایک لاکھ روپے انعام دینے کی پیشکش بھی واپس لے لی گئی تھی۔
کمیشن کی کارروائی کے دوران میر حسین علی خان، مریم حسین اور وکیل جبران ناصر موجود رہے۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل سیکریٹری جاوید احمد ابڑو، شہری پولیس رابطہ کمیٹی کے گواہ کاشف افتخار، طٰہٰ پراچہ اور تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری بھی کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران کاشف افتخار اور ڈی ایس پی سراج لاشاری کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ دوسری جانب کے الیکٹرک کی نمائندہ رابعہ، منیجنگ ڈائریکٹر سید محمد طلحہ کی جانب سے کمیشن میں پیش ہوئیں اور ایک سیل بند لفافہ جمع کرایا، جسے ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا۔
انکوائری رپورٹ سندھ حکومت کو پیش کیے جانے کے بعد کیس سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔