وزیراعظم کی قیمتی پتھروں کیلئے برانڈ پاکستان متعارف کرانے کی ہدایت

اس شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

October 14, 2026 · قومی
وزیراعظم کی قیمتی پتھروں کیلئے برانڈ پاکستان متعارف کرانے کی ہدایت

وزیراعظم کی قیمتی پتھروں کیلئے برانڈ پاکستان متعارف کرانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی پتھروں اور جواہرات کے شعبے کو ترقی دینے، برآمدات بڑھانے اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی شناخت بنانے کیلئے خطے کے دیگر ممالک کی طرز پر برانڈ پاکستان متعارف کرانے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت قیمتی پتھروں اور جواہرات کے شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبوں پر پیش رفت اور درپیش رکاوٹوں پر غور کیا گیا۔

شہباز شریف نے پائلٹ منصوبوں کی تیاری میں سست روی اور ترقیاتی اقدامات میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مقررہ مدت کے ساتھ جامع منصوبہ بندی پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے قیمتی پتھروں کی کان کنی سے لے کر تراش خراش اور ان کی قدر میں اضافے تک ایک مکمل نظام قائم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری کان کنی اور اسمگلنگ کے باعث پاکستان کو سالانہ اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے، حالانکہ ملک قدرتی وسائل کے وسیع ذخائر رکھتا ہے۔

اجلاس میں قیمتی پتھروں اور معدنیات کی برآمدات بڑھانے، جدید سہولتوں کی فراہمی اور قدر میں اضافے کیلئے مراکزِ مہارت قائم کرنے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے پائلٹ منصوبوں اور ماڈل کانوں کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کرکے انہیں جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حسین آباد، سکردو میں مرکزِ مہارت کے قیام کیلئے 4.8 کنال زمین منتقل کی جا چکی ہے جبکہ منصوبے کیلئے فنڈز بھی دستیاب ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں بھی ایسے مراکز کیلئے زمین کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ اسلام آباد میں مستقل مرکز کی تعمیر تک اسے متبادل مقام پر فعال کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ارضیاتی نقشہ سازی مکمل کر لی گئی ہے اور قیمتی پتھروں کی مزید تلاش کیلئے آٹھ نئے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال اس شعبے کی ترقی کیلئے سرکاری ترقیاتی پروگرام کے تحت ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ برآمد کنندگان کی سہولت کیلئے سات شہروں میں دس بینکوں کی 80 شاخوں پر برآمدی سہولت مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو آئندہ ہفتے قیمتی پتھروں اور جواہرات کے مراکزِ مہارت کے قیام اور شعبے کی ترقی کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا جام کمال خان، مصدق ملک، احد خان چیمہ، احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔