خیبرپختونخوا پولیس شہدا پیکج میں ڈیڑھ کروڑ روپے تک اضافہ

شہدا کے اہل خانہ کو گھر خریدنے کے لیے نقد مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

October 14, 2026 · قومی
خیبرپختونخوا پولیس شہدا پیکج میں ڈیڑھ کروڑ روپے تک اضافہ

خیبرپختونخوا پولیس شہدا پیکج میں ڈیڑھ کروڑ روپے تک اضافہ

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس کے شہدا کے مالی پیکج میں اضافے کے ساتھ ان کے بچوں کی تعلیم، شادی اور اہل خانہ کی رہائش کے لیے بھی مالی معاونت کا اعلان کر دیا۔

پولیس شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے بتایا کہ کانسٹیبل سے ڈی آئی جی تک شہید پولیس اہلکاروں کے پیکج میں ایک کروڑ سے ڈیڑھ کروڑ روپے تک اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ شہدا کے اہل خانہ کو گھر خریدنے کے لیے نقد مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر پولیس اہلکاروں کے بچوں یا والدین کو نشانہ بنا کر قتل کیا گیا تو متاثرہ خاندان کو 50 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔ انہوں نے پولیس شہدا کی بیٹیوں کی شادی کے موقع پر 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے پولیس اہلکاروں کو پنجاب کے طرز پر مالی سہولتیں دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گورنر ہاؤس میں شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز بھی تقسیم کیے گئے۔ بنوں، لکی مروت اور دیگر اضلاع کے شہدا کے خاندانوں کو یہ لیٹرز فراہم کیے گئے۔

تقریب سے خطاب میں گورنر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پورے صوبے کو پولیس کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ تمام اداروں کے تعاون سے مؤثر حکمت عملی بنانا ضروری ہے تاکہ صوبے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ کرکے انہیں دیگر صوبوں کے برابر لایا گیا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے وفاقی حکومت اور وزیر داخلہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاق خیبرپختونخوا کے ساتھ کھڑا ہے۔