بھارت میں کاکروچ کے بعد مکھی جنتا پارٹی بھی سامنے آگئی

انوکھا احتجاج، سوشل میڈیا پر مقبولیت میں اضافہ،کاکروچ پارٹی کے 2 رہنما گرفتار

October 14, 2026 · چشم حیرت
بھارت میں کاکروچ کے بعد مکھی جنتا پارٹی بھی سامنے آگئی

بھارت میں کاکروچ کے بعد مکھی جنتا پارٹی بھی سامنے آگئی

نئی دہلی میں مودی سرکار کے خلاف سوشل میڈیا سے جنم لینے والی طنزیہ سیاسی تحریکوں میں ایک اور نام کا اضافہ ہو گیا ہے، جہاں کاکروچ جنتا پارٹی کے بعد اب مکھی جنتا پارٹی بھی میدان میں آ گئی ہے۔ چند ماہ قبل ابھرنے والی کاکروچ پارٹی نے حکومت کو مشکلات سے دوچار کیا تھا، اور اب اسی سلسلے کی اگلی کڑی کے طور پر نئی دہلی سے مکھی جنتا پارٹی کا آغاز کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نئی جماعت کا جنم بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے طنزیہ ریمارکس کے نتیجے میں ہوا۔ گزشتہ روز کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج اور نئی دہلی میں مظاہروں پر عائد پابندیوں سے متعلق سماعت کے دوران چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مرکزی حکومت اور دہلی پولیس کو مظاہرین سے نمٹنے کے لیے مکھی مارنے کے لیے ہتھوڑا استعمال کرنے جیسے طریقوں سے گریز کا مشورہ دیا تھا۔ اس عدالتی ریمارکس کے اگلے روز ہی انسٹاگرام پر مکھی جنتا پارٹی کے نام سے اکائونٹ بنا دیا گیا، جس میں مکھی کے ایموجی کے ذریعے جمہوریت کے تحفظ اور معاشی ترقی کا پیغام دیا گیا ہے۔

دستاویزات اور سوشل میڈیا ذرائع کے مطابق مکھی جنتا پارٹی کو نوجوانوں کا، نوجوانوں کے ذریعے اور نوجوانوں کے لیے سیاسی محاذ قرار دیا گیا ہے۔ اس نئی جماعت نے اپنی ایک پوسٹ میں سوال اٹھایا ہے کہ کیا جمہوریت میں شہریوں کو ایک دن کاکروچ اور اگلے دن مکھیاں قرار دیا جانا چاہیے۔ محض 1 دن کے اندر اس اکائونٹ کے فالوورز کی تعداد 1 لاکھ 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

دوسری جانب کاکروچ جنتا پارٹی نے جنتر منتر پر احتجاج کرنے کی پابندی ماننے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے دوبارہ احتجاج کی کوشش کرنے پر پارٹی کے 2 مرکزی رہنماؤں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جنہیں عدالت نے 5 روز کے لیے جیل بھیج دیا ہے۔ گرفتار رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جس جنتر منتر سے ماضی میں وزیر تعلیم کا استعفیٰ لیا گیا تھا، اب وہیں سے چیف الیکشن کمشنر کا استعفیٰ بھی لیا جائے گا۔