پاک بحریہ کی مشقیں ’سی اسپارک 2026‘ اختتام پذیر، چیلنجز سے نمٹنے کیلیے آپریشنل تیاریوں کا اعادہ

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی بحری مشقیں ’سی اسپارک 2026‘ کی اختتامی تقریب میں شرکت

October 14, 2026 · قومی
فوٹو آئی ایس پی آر

فوٹو آئی ایس پی آر

کراچی:پاک بحریہ کی سب سے بڑی اور اہم بحری مشقوں ’سی اسپارک 2026‘ (SEASPARK-2026) کی اختتامی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

ان مشقوں کا بنیادی مقصد خطے کی بدلتی ہوئی جیو اسٹریٹجک صورتحال اور جنگ کے نئے طریقوں کے پیشِ نظر تمام تر بحری سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کی توثیق اور جنگی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔

اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مشقوں کے تمام شرکا کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل غور و خوض اور ‘وار گیمنگ’ کے ذریعے آپریشنل منصوبوں کا باقاعدگی سے جائزہ لینا ناگزیر ہے۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ ان مشقوں سے حاصل شدہ اسباق کو اسٹریٹجک اور آپریشنل حقائق کے مطابق فکری و عملداری صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے خشکی، ہوا اور سمندر میں معرکہ آرائی کے ساتھ ساتھ معلومات کی فراہمی اور اطلاعاتی محاذ پر بھی تینوں مسلح افواج کے شاندار باہمی تعاون کی تعریف کی۔

مشقیں ’سی اسپارک 2026‘ کا بنیادی فوکس ملٹی ڈومین آپریشنز کے ساتھ ساتھ انفارمیشن انوائرمنٹ اور ذہن سازی کے میدان کو سمندری آپریشنز کے ساتھ مربوط کرنا تھا تاکہ جدید جنگی حکمت عملی میں سبقت حاصل کی جا سکے۔

مشقوں کی اختتامی تقریب میں تینوں مسلح افواج (پاک فوج، پاک فضائیہ، پاک بحریہ)، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور سول اداروں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔