پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے اوقات کار تبدیل، نئے اوقات 16 اکتوبر سے نافذ ہوں گے

سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کھلیں گے اور دوپہر ایک بج کر 30 منٹ پر چھٹی ہوگی

October 14, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور:پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دیے گئے ہیں، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے اوقات کار 16 اکتوبر 2026 سے 31 مارچ 2027 تک نافذ العمل رہیں گے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کھلیں گے اور دوپہر ایک بج کر 30 منٹ پر چھٹی ہوگی، جبکہ جمعہ کے روز سکولوں میں چھٹی دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل شفٹ اسکولوں کی صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات صبح 8 بج کر 45 منٹ سے دوپہر ایک بج کر 15 منٹ تک جاری رہے گی جبکہ جمعہ کے روز صبح کی شفٹ کا اختتام دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔

اسی طرح ڈبل شفٹ اسکولوں کی دوسری شفٹ پیر سے جمعرات دوپہر ایک بج کر 30 منٹ سے شام 4 بج کر 30 منٹ تک ہوگی، جبکہ جمعہ کے روز دوسری شفٹ دوپہر 2 بجے شروع ہو کر شام 4 بج کر 30 منٹ پر ختم ہوگی۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ایجوکیشن کو نئے اوقات کار پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ طالبات کے اسکولوں کے اوقات کار میں 15 منٹ کا فرق متعلقہ سی ای اوز ایجوکیشن ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کر سکیں گے۔