کراچی میں پی پی رہنماء اعجاز جکھرانی کے بھائی کے بنگلے پر چھاپہ، آئس اور کوکین برآمد

کارروائی ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر کی گئی، جس کے قبضے سے پہلے ہی آئس اور کوکین برآمد ہوئی تھی،پولیس

October 15, 2026 · قومی
کراچی میںپی پی رہنماء اعجاز جکھرانی کے بھائی کے بنگلے پر چھاپہ، آئس اور کوکین برآمد

کراچی میںپی پی رہنماء اعجاز جکھرانی کے بھائی کے بنگلے پر چھاپہ، آئس اور کوکین برآمد

کراچی: شہر میں پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز جکھرانی کے بھائی آزاد جکھرانی کے بنگلے پر پولیس کارروائی کے دوران ایک کلو سے زائد آئس اور کوکین برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پولیس نے آزاد جکھرانی کے خلاف منشیات سے متعلق قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کارروائی ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر کی گئی، جس کے قبضے سے پہلے ہی آئس اور کوکین برآمد ہوئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دورانِ تفتیش دعویٰ کیا کہ منشیات آزاد جکھرانی کی ہیں اور ان کے بنگلے میں مزید منشیات موجود ہیں۔

پولیس کے مطابق چھاپے کے وقت آزاد جکھرانی گھر پر موجود نہیں تھے، جس کے باعث انہیں گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق قانونی کارروائی جاری ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اعجاز جکھرانی نے چھاپے پر ردعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کارروائی کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کا خیال نہیں رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی اپنے بھائی سے لاتعلقی کا اعلان کرچکے ہیں، تاہم جس گھر پر چھاپہ مارا گیا وہ ان کا خاندانی گھر ہے۔

اعجاز جکھرانی کے مطابق انہوں نے وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ کو معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے چھاپے کی تحقیقات کرانے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئرپرسن فریال تالپور نے جکھرانی ہاؤس پر چھاپے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔