میر رضا کیس:عدالتی کمیشن نے تحقیقاتی رپورٹ سندھ حکومت کے حوالے کردی
انکوائری کے دوران مجموعی طور پر 49 افراد کے بیانات ریکارڈ کیے گئے، جبکہ کمیشن نے 15 سماعتیں کیں
میر رضا کیس:عدالتی کمیشن نے تحقیقاتی رپورٹ سندھ حکومت کے حوالے کردی
کراچی: میر رضا کی موت سے متعلق تحقیقات کرنے والے عدالتی کمیشن نے اپنی انکوائری رپورٹ سندھ حکومت کو پیش کردی ہے۔ رپورٹ میں واقعے سے جڑے حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیشن کے رجسٹرار نے رپورٹ ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کے حوالے کی۔ رپورٹ میں اس بات کا جائزہ لیا گیا ہے کہ میر رضا کی موت کن حالات میں ہوئی اور آیا یہ قتل کا واقعہ تھا یا خودکشی۔
انکوائری کے دوران مجموعی طور پر 49 افراد کے بیانات ریکارڈ کیے گئے، جبکہ کمیشن نے 15 سماعتیں کیں۔ اس کے علاوہ ویڈیو لنک کے ذریعے بھی دو بیانات قلم بند کیے گئے۔
میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن 24 اگست کو قائم کیا گیا تھا۔ میر رضا کی لاش 29 جولائی کو کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر سے ملی تھی۔ واقعے کے بعد طویل احتجاج کیا گیا، جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم کے بعد دوبارہ قبر کشائی بھی کی گئی۔
رپورٹ کو عوام کے سامنے لانے یا خفیہ رکھنے سے متعلق فیصلہ سندھ حکومت کرے گی۔ دوسری جانب میر رضا کے اہل خانہ واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔