پشاور اسکول حادثہ،مالک نے بارشوں کو وجہ قرار دے دیا

تعلیمی ادارے کی بنیاد تقریباً ڈیڑھ سال قبل رکھی گئی تھی۔ ا گزشتہ کئی روز سے ہونے والی بارشوں کے باعث حادثہ پیش آیا۔

October 15, 2026 · قومی
پشاور اسکول حادثہ،مالک نے بارشوں کو وجہ قرار دے دیا

پشاور اسکول حادثہ،مالک نے بارشوں کو وجہ قرار دے دیا

پشاور: دیر کالونی میں منہدم ہونے والے نجی اسکول کے مالک خان محمد نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث عمارت گری۔ دوسری جانب سیکرٹری تعلیم خیبرپختونخوا نے عمارت کی حالت مخدوش ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔

اسکول کے مالک خان محمد کے مطابق تعلیمی ادارے کی بنیاد تقریباً ڈیڑھ سال قبل رکھی گئی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے ہونے والی بارشوں کے باعث حادثہ پیش آیا۔

مالک نے بتایا کہ واقعے کی صبح وہ خود متاثرہ کلاس روم میں گئے تھے۔ چھت گرنے کے بعد انہوں نے اساتذہ کو طلب کیا اور بچوں کو نکالنے کی کوششیں شروع کیں۔ ان کے مطابق دوسری منزل پر ایک کمرہ گرا، جس کے نتیجے میں نیچے موجود کمروں کو بھی نقصان پہنچا۔ متاثرہ کلاس میں تقریباً 30 بچے موجود تھے، جبکہ پورے اسکول میں 350 طلبہ زیرتعلیم تھے۔

دوسری جانب سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم نے کہا ہے کہ اسکول کی عمارت مخدوش حالت میں تھی، تاہم متعلقہ حکام کو اس حوالے سے پہلے کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

سیکرٹری تعلیم کے مطابق سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا معائنہ بھی کیا جائے گا تاکہ عمارتوں کی حالت کا جائزہ لے کر ممکنہ خطرات کی نشاندہی کی جاسکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔