پشاور اسکول حادثہ ، صوبے بھر کے نجی اسکولوں کی عمارتوں کے معائنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل
کمیٹیاں اپنے متعلقہ اضلاع میں نجی اسکولوں کی تمام عمارتوں، بشمول ذاتی ملکیت اور کرائے پر حاصل کردہ عمارتوں، کا سروے اور فزیکل معائنہ کریں گی۔
فائل فوٹو
پشاور: دیرکالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر کے نجی اسکولوں کی عمارتوں کیلئے معائنہ کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمیٹیاں نجی اسکولوں کی عمارتوں کا سروے اور موقع پر معائنہ کریں گی۔ممکنہ تعمیراتی نقائص، حفاظتی خطرات اور دیگر خامیوں کی نشاندہی کی جائے گی جو طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔کمیٹیاں تشکیل پانے کے تین دن کے اندر اپنی تفصیلی رپورٹ اور ضروری اصلاحی اقدامات سے متعلق سفارشات محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کو پیش کریں۔اسی طرح ضلعی سطح پر قائم کمیٹیوں کی سربراہی متعلقہ ضلع کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی (EMA) کریں گے۔
کمیٹی میں متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے ایس ڈی ای اوز/اے ڈی ای اوز (پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ)، محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) کا ایک نمائندہ اور دیگر متعلقہ اراکین شامل ہوں گے، کمیٹیاں اپنے متعلقہ اضلاع میں نجی اسکولوں کی تمام عمارتوں، بشمول ذاتی ملکیت اور کرائے پر حاصل کردہ عمارتوں، کا سروے اور فزیکل معائنہ کریں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹیوں کو یہ بھی ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اسکولوں کی عمارتوں کو ان کی حفاظتی حالت کے مطابق درجہ بندی کریں، عمارتوں کو محفوظ، مرمت ،بہتری کی ضرورت ، یا ممکنہ طور پر غیر محفوظ قرار دینے کے لیے سفارشات مرتب کی جائیں گی، ممکنہ طور پر خطرناک عمارتوں کے بارے میں متعلقہ ضلعی حکام کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔