ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، 190 ملزمان گرفتار،لوٹے گئے 61 کروڑ روپے سے زائد برآمد

شہریوں کو بیرون ملک ملازمت اور سفر کے نام پر دھوکا دہی سے بچانے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ شہزاد ندیم بخاری

October 16, 2026 · قومی
ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، 190 ملزمان گرفتار،لوٹے گئے 61 کروڑ روپے سے زائد برآمد

ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، 190 ملزمان گرفتار،لوٹے گئے 61 کروڑ روپے سے زائد برآمد

راولپنڈی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے غیر قانونی ویزا ایجنٹس اور شہریوں کو دھوکا دے کر رقم بٹورنے والے عناصر کے خلاف گزشتہ چار ماہ کے دوران کارروائیاں کرتے ہوئے 190 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 61 کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد کی رقم برآمد کی گئی۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون کے ڈائریکٹر شہزاد ندیم بخاری کی نگرانی میں انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے چار ماہ کے دوران 668 مقدمات درج کیے اور 70 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان کارروائیوں کے دوران 20 کروڑ 45 لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کی گئی۔

اسی عرصے میں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے 875 مقدمات درج کرکے 120 ملزمان کو حراست میں لیا، جبکہ 41 کروڑ 10 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کیے گئے۔

دونوں سرکلز کی کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 1543 مقدمات درج ہوئے، 190 ملزمان گرفتار کیے گئے اور شہریوں سے فراڈ کے ذریعے حاصل کی گئی 61 کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم برآمد کی گئی۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بیرون ملک ملازمت اور سفر کے نام پر دھوکا دہی سے بچانے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ویزا ایجنٹس کے ساتھ لین دین سے پہلے ان کی قانونی حیثیت اور اسناد کی تصدیق کریں، جبکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا فراڈ کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں۔