پشاور میں پولیس کی کارروائی، 11 کلو وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا گیا

مکان 5 سے 6 ماہ قبل ایک افغان خاندان کو کرائے پر دیا گیا تھا۔ تعمیراتی کام کے سلسلے میں اسے کھولا گیا تو وہاں مشکوک پریشر ککر موجود پایا گیا، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

October 16, 2026 · قومی
پشاور میں پولیس کی کارروائی، 11 کلو وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا گیا

پشاور میں پولیس کی کارروائی، 11 کلو وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا گیا

پشاور کے گنجان آباد علاقے یکہ توت میں پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 11 کلوگرام وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا گیا، جس سے ممکنہ بڑے سانحے کا خطرہ ٹل گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ایس پی سٹی پشاور شاہد عدنان اور ایس ایچ او یکہ توت ریاض آفریدی کی نگرانی میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی خصوصی ٹیم نے حافظ آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے مشکوک پریشر ککر میں نصب بم کو ناکارہ بنایا۔

حکام کے مطابق ایک بند مکان 5 سے 6 ماہ قبل ایک افغان خاندان کو کرائے پر دیا گیا تھا۔ مکان میں تعمیراتی کام کے سلسلے میں اسے کھولا گیا تو وہاں مشکوک پریشر ککر موجود پایا گیا، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور بم کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت کارروائی پر پشاور پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی کارکردگی کو سراہا۔

آئی جی پی کے مطابق گنجان آباد علاقے میں ممکنہ دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنا کر پولیس نے شہریوں کی جانوں کو لاحق خطرے سے بچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔