بسنت 2027ء کے 10 روزہ انعقاد کے خلاف درخواست مسترد
جب حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہی نہیں ہوا تو اس بنیاد پر حکم کیسے دیا جا سکتا ہے۔ عدالت
بسنت 2027ء کے 10 روزہ انعقاد کے خلاف درخواست مسترد
لاہور ہائی کورٹ نے بسنت 2027ء کے 10 روزہ انعقاد کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے درخواست کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہی نہیں ہوا تو اس بنیاد پر حکم کیسے دیا جا سکتا ہے۔
درخواست کی سماعت جسٹس شہرام سرور چوہدری نے کی۔ دورانِ سماعت فاضل جج نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا ان کے پاس 10 روزہ بسنت کے انعقاد سے متعلق کوئی سرکاری نوٹیفکیشن موجود ہے؟ عدالت نے ریمارکس دیے کہ صرف ویب سائٹ پر موجود دستاویزات کی بنیاد پر کوئی حکم جاری نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے مزید کہا کہ سرکاری نوٹیفکیشن کے بغیر یہ طے کرنا ممکن نہیں کہ بسنت کا انعقاد بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے یا نہیں۔ اگر متعلقہ نوٹیفکیشن پیش کیا جائے تو حکومت سے اس معاملے پر جواب طلب کیا جا سکتا ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض کیوں نہیں لگایا اور درخواست گزار کے وکیل سے پوچھا کہ کیوں نہ ان پر جرمانہ عائد کیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ نوٹیفکیشن کے ساتھ دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔