ترقیاتی کونسلوں کے نامزد ارکان کی فہرست وفاقی حکومت کو ارسال
نامزد ارکان کا باضابطہ نوٹیفکیشن وفاقی حکومت کی جانب سے جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ترقیاتی کونسلوں کے نامزد ارکان کی فہرست وفاقی حکومت کو ارسال
علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقہ نمائندوں اور ترقیاتی کونسلوں کے ارکان کی نامزدگی کا عمل آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے، جبکہ نامزد ارکان کا باضابطہ نوٹیفکیشن وفاقی حکومت کی جانب سے جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
سیکرٹریٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں تمام 12 اضلاع میں مقامی آبادی کی پسند کے کونسل ارکان نامزد کرنے کے لیے جرگے منعقد کیے گئے۔ ان جرگوں کا انعقاد ڈپٹی کمشنرز کے تعاون سے کیا گیا، جن کے ذریعے مقامی لوگوں نے اپنی پسند کے نمائندوں کے نام تجویز کیے۔
علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ کے مطابق جرگوں کے ذریعے سامنے آنے والے ناموں کی جانچ پڑتال اور کارروائی ایڈیشنل چیف سیکریٹری و ایڈمنسٹریٹر نے مکمل کی۔ اس کے بعد مشاورت کے نتیجے میں نامزد ارکان کی فہرست چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کی گئی۔
سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے مزید کارروائی کے بعد فہرست گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوائی، جس کے بعد گورنر نے نامزد ارکان کے نام وفاقی حکومت کو ارسال کر دیے ہیں۔
علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ کے مطابق نامزد ارکان کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن وفاقی حکومت کی جانب سے جلد جاری کیے جانے کی توقع ہے۔ سیکرٹریٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ نامزدگی کا پورا عمل شفافیت، عوامی امنگوں اور مقامی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا گیا ہے۔