گزشتہ 3 برسوں میں 18 لاکھ سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی بیرونِ ملک منتقل
قومی اسمبلی میں رپورٹ پیش، لاکھوں سیاحوں کی آمد کا انکشاف، اہم اعداد و شمار جاری
گزشتہ 3 برسوں میں 18 لاکھ سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی بیرونِ ملک منتقل
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی سرکاری دستاویزات کے مطابق گزشتہ 3 برس کے دوران 18 لاکھ 71 ہزار سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد پاکستان چھوڑ کر بیرونِ ملک منتقل ہو گئے ہیں۔ پارلیمنٹ میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 میں 45 ہزار 830 اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی بیرونِ ملک گئے، سال 2025 میں 28 ہزار 726 اور سال 2026 میں اب تک 15 ہزار 850 افراد نے ملک چھوڑا۔
دستاویز کے مطابق بیرونِ ملک نقل مکانی کرنے والوں میں ڈاکٹرز، انجینئرز، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین اور اساتذہ بڑی تعداد میں شامل ہیں۔ پیش کردہ تفصیلات کے مطابق سال 2024 میں 23 ہزار 674، سال 2025 میں 9 ہزار 562 اور سال 2026 میں 5 ہزار 190 مینیجرز بیرونِ ملک روزگار کے لیے گئے۔ اس کے علاوہ سال 2024 میں 8 ہزار 15، سال 2025 میں 5 ہزار 945 اور 2026 میں 3 ہزار 605 انجینئرز نے بیرونِ ملک رُخ کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2024 میں 3 ہزار 625، سال 2025 میں 3 ہزار 795 اور سال 2026 میں 2 ہزار 93 ڈاکٹرز بیرونِ ملک منتقل ہوئے۔ اسی طرح سال 2024 میں ایک ہزار 729، سال 2025 میں ایک ہزار 725 اور سال 2026 میں ایک ہزار 457 اساتذہ نے بھی ملکگ گیر خدمات کو خیرباد کہہ دیا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے پاکستان آنے والے غیر ملکی سیاحوں کے تفصیلی اعداد و شمار بھی پیش کیے گئے۔ ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 2 برس کے دوران کل 43 لاکھ غیر ملکی سیاحوں نے پاکستان کا دورہ کیا، جن میں سال 2024 کے دوران 21 لاکھ سے زائد اور سال 2025 میں 22 لاکھ بین الاقوامی سیاح شامل ہیں۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 سالوں کے دوران سب سے زیادہ سیاح افغانستان سے آئے جن کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 16 ہزار سے زائد رہی۔ برطانیہ سے 10 لاکھ 17 ہزار اور امریکہ سے 5 لاکھ سے زائد سیاحوں نے پاکستان کا سفر کیا۔ اس کے علاوہ ایران سے کل 2 لاکھ 60 ہزار، کینیڈا سے 2 لاکھ 34 ہزار، چین سے ایک لاکھ 59 ہزار سے زائد اور آسٹریلیا سے ایک لاکھ 17 ہزار سے زائد سیاحوں نے پاکستان کا رخ کیا۔