دالبندین میں آپریشن ردالفتنہ 3، دو دہشت گرد ہلاک
ہلاک ہونے والے دہشت گرد کوئٹہ، تفتان شاہراہ پر مسافروں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کارروائیوں میں ملوث تھے
دالبندین میں آپریشن ردالفتنہ 3، دو دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دو مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز کا حصہ تھی۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کوئٹہ، تفتان شاہراہ پر مسافروں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ان پر تجارتی گاڑیوں اور مسافر بسوں کو نذرِ آتش کرنے کے ذریعے ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کا بھی الزام تھا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے پُرعزم ہیں۔ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔