دیر کالونی اسکول واقعے کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم
لواحقین جو اپنے پیاروں کی تدفین کے لیے دوسرے اضلاع گئے ہوئے ہیں، انہیں واپسی پر امدادی چیک فراہم کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر
دیر کالونی اسکول واقعے کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم
پشاور کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آفاق وزیر نے دیر کالونی اسکول واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کے لواحقین میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آفاق وزیر نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ وقت گزارا اور شہید بچوں کے والدین کو مالی امداد فراہم کی۔ اس موقع پر متعلقہ افسران اور محکمہ مال کے حکام بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وہ لواحقین جو اپنے پیاروں کی تدفین کے لیے دوسرے اضلاع گئے ہوئے ہیں، انہیں واپسی پر امدادی چیک فراہم کیے جائیں گے تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان امداد سے محروم نہ رہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں واقعے میں زخمی ہونے والے بچوں کی فہرستوں کی تصدیق کر رہی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق تصدیقی عمل مکمل ہونے کے بعد تمام زخمی بچوں کو بھی ایک دن کے اندر مالی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔