سندھ میں جامعات کے پروفیسرز کی ریٹائرمنٹ عمر 65 سال کرنے کا فیصلہ
پروفیسرز کی ریٹائرمنٹ عمر میں اضافے کی سمری منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کو بھجوائی جائے گی۔
سندھ میں جامعات کے پروفیسرز کی ریٹائرمنٹ عمر 65 سال کرنے کا فیصلہ
کراچی: سندھ حکومت نے سرکاری جامعات کے پروفیسرز کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال سے بڑھا کر 65 سال کرنے کے لیے اہم قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی میں صوبے کی 32 سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کے اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے بتایا کہ پروفیسرز کی ریٹائرمنٹ عمر میں اضافے کی سمری منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کو بھجوائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کی جامعات کو گرانٹ کی مد میں 44 ارب 46 کروڑ روپے فراہم کر رہی ہے، جو دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
چیف سیکرٹری سندھ کے مطابق نئی جامعات کے کیمپس قائم کرنے کے لیے جامع پالیسی اور واضح معیار مرتب کرنا ضروری ہے، تاکہ تعلیمی ضروریات اور مالی وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جا سکیں۔
اجلاس میں وائس چانسلرز نے حقِ معلومات کے قانون کے حوالے سے بھی تحفظات پیش کیے۔ ان کا مؤقف تھا کہ بعض اوقات ایسی معلومات طلب کی جاتی ہیں جن کا عوامی مفاد سے براہِ راست تعلق نہیں ہوتا۔
آصف حیدر شاہ نے مزید کہا کہ جامعات پر پنشن کے واجبات کا مالی بوجھ بڑھ رہا ہے، جسے کم کرنے کے لیے غیر ضروری بھرتیوں، خصوصاً غیر تدریسی شعبوں میں تقرریوں کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔