رانا ثناء اللہ سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال

خطے کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور شہریوں کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی۔

October 17, 2026 · قومی
رانا ثناء اللہ سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال

رانا ثناء اللہ سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناء اللہ سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں خطے کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور شہریوں کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر بنانے، نوجوانوں کے لیے تعلیمی سہولیات بہتر کرنے اور انہیں مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کے امور بھی زیر بحث آئے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے کہا کہ ان کی حکومت خطے میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے اور عوامی مسائل حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی خوشحالی، صحت کی سہولیات میں بہتری، نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور ہنر مندی کے فروغ کے ساتھ روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا ان کی حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔

اس موقع پر سینیٹر رانا ثناء اللہ نے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے، ان کے مستقبل کو بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔