باجوڑ میں فائرنگ، دکان پر موجود تین سگے بھائی جاں بحق
واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ملزمان کی تلاش جاری ہے،پولیس حکام
باجوڑ میں فائرنگ، دکان پر موجود تین سگے بھائی جاں بحق
باجوڑ: تحصیل خار کے علاقے کوز سر بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے تین سگے بھائی جاں بحق ہوگئے، افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حنیف اللہ، ابراہیم اور عباس ولد بخت شاہ اپنی دکان پر موجود تھے کہ اس دوران نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تینوں بھائی شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو بچانے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ تین بھائیوں کی ہلاکت پر اہلِ علاقہ غمزدہ ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ فائرنگ کے محرکات جاننے کے لیے بھی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔