کراچی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، 5 ملزمان گرفتار
گرفتار ملزمان غیر قانونی طور پر افغان باشندوں کو کراچی منتقل کرنے میں ملوث تھے
کراچی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، 5 ملزمان گرفتار
کراچی: شہر کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پاکستان رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بین الصوبائی انسانی اسمگلنگ میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان غیر قانونی طور پر افغان باشندوں کو کراچی منتقل کرنے میں ملوث تھے۔ ملزمان مبینہ طور پر افغان خاندانوں کو شہر پہنچانے کے عوض رقم وصول کرتے تھے، جبکہ فی خاندان 2 لاکھ روپے تک وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان افغان باشندوں کو کراچی منتقل کرنے کے بعد مختلف ہوٹلوں اور گھروں میں عارضی رہائش بھی فراہم کرتے تھے۔
رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور ایک گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے۔ گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ ارکان اور سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں۔