خضدار میں ماربل فیکٹری پر مسلح حملہ، 18 مزدور اغوا، ایک فائرنگ سے زخمی

درجنوں مسلح افراد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر فیکٹری میں داخل ہوئے اور وہاں کام کرنے والے مزدوروں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے

October 18, 2026 · قومی
خضدار میں ماربل فیکٹری پر مسلح حملہ، 18 مزدور اغوا، ایک فائرنگ سے زخمی

خضدار میں ماربل فیکٹری پر مسلح حملہ، 18 مزدور اغوا، ایک فائرنگ سے زخمی

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال میں نامعلوم مسلح افراد نے ماربل فیکٹری پر دھاوا بول کر 18 مزدوروں کو اغوا کر لیا۔ فائرنگ کے واقعے میں ایک مزدور زخمی ہوگیا، جبکہ حملہ آور فیکٹری سے دو گاڑیاں اور ایک لوڈر بھی لے گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ خضدار شہر سے تقریباً 35 سے 40 کلومیٹر دور بیسار پہاڑی کے قریب پیش آیا، جہاں نیشنل پارٹی کے سابق صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو اور ان کے بیٹے شاہ میر بزنجو کی ماربل فیکٹری واقع ہے۔

پولیس اہلکار کے مطابق درجنوں مسلح افراد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر فیکٹری میں داخل ہوئے اور وہاں کام کرنے والے مزدوروں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ اس دوران ایک مزدور نے فرار ہونے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے اس پر فائرنگ کردی، جس سے وہ ٹانگ میں گولی لگنے کے باعث زخمی ہوگیا۔

زخمی مزدور کی شناخت راشد کے نام سے ہوئی ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اغوا کیے گئے مزدوروں کا تعلق خضدار کے مختلف علاقوں سے ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فیکٹری سے دو گاڑیاں اور ایک لوڈر بھی لے کر فرار ہوگئے۔ تاحال کسی مسلح گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گزشتہ روز ضلع مستونگ میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے ایک مسافر وین سے رخشان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے 20 پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا تھا۔ یکے بعد دیگرے پیش آنے والے ان واقعات نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتِ حال پر تشویش بڑھا دی ہے۔

حکام کے مطابق علاقے میں مغوی مزدوروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔