راکھی ساونت کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

یہ کارروائی اداکارہ کے متعدد بار عدالت میں پیش نہ ہونے پر کی گئی۔

October 18, 2026 · قومی
راکھی ساونت کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

راکھی ساونت کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

معروف بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے خلاف اتر پردیش کے شہر جھانسی کی عدالت نے 2010 کے ایک خودکشی کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی اداکارہ کے متعدد بار عدالت میں پیش نہ ہونے پر کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق مقدمے کا تعلق راکھی ساونت کے ٹی وی پروگرام ’راکھی کا انصاف‘ میں ایک شخص کے خلاف مبینہ توہین آمیز تبصروں سے ہے۔ الزام ہے کہ اکتوبر 2010 میں نشر ہونے والے پروگرام میں لکشمن اہروار کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے تھے، جس کے بعد انہوں نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فاسٹ ٹریک کورٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے 16 اکتوبر کو وارنٹ جاری کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ راکھی ساونت کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

سرکاری وکیل مریدول کانت سریواستو کے مطابق مقدمے کی آئندہ سماعت یکم دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ لکشمن اہروار، جھانسی کے علاقے ہنساری پریم نگر کے رہائشی تھے اور 10 نومبر 2010 کو ان کی موت ہوئی تھی۔ ان کی والدہ ساوتری نے واقعے کے بعد مقدمہ درج کرایا تھا، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ راکھی ساونت کے پروگرام میں ان کے بیٹے کے خلاف توہین آمیز اور نامناسب گفتگو کی گئی۔ یہ الزامات مقدمے کا حصہ ہیں۔