وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے مصر اور ایرانی وزیرِ خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے
خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور بغداد میں جاری اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس پر تبادلۂ خیال
فائل فوٹو
اسلام آباد: نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔
پاکستان کے دفترِ خارجہ سے جاری مختصر بیان کے مطابق اسحاق ڈار اور عباس عراقچی نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور بغداد میں جاری اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس پر تبادلۂ خیال کیا۔
بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل رابطوں، مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ کا رابطہ، سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت
پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی آج مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفون پر گفتگو میں خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا ہے جبکہ سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
دونوں رہنماؤں نے آر-4 (پاکستان، مصر، ترکی اور سعودی عرب) فریم ورک کے تحت تعاون پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امور پر رابطہ و تعاون بڑھانے کے لیے آر-4 کے آئندہ اجلاس کے جلد انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔