71 ممالک کی جیلوں میں 21 ہزار 647 پاکستانی قید، وزارت خارجہ کے اعداد شمار جاری
8 ہزار 569 پاکستانیوں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں،13 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے مقدمات مختلف ممالک کی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد:دنیا کے 71 ممالک کی جیلوں میں 21 ہزار 647 پاکستانی قید، وزارت خارجہ نے تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔
اسلام آباد: وزارت خارجہ نے بیرون ملک جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں، جن کے مطابق دنیا کے 71 ممالک کی جیلوں میں مجموعی طور پر 21 ہزار 647 پاکستانی قید ہیں۔
فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے 8 ہزار 569 پاکستانیوں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں، جبکہ 13 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے مقدمات مختلف ممالک کی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
وزارت خارجہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی قیدیوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، سعودی عرب کی جیلوں میں 10 ہزار 745 جبکہ متحدہ عرب امارات میں 5 ہزار 297 پاکستانی قید ہیں۔
اسی طرح قطر میں 599، عمان میں 578، بحرین میں 218 اور عراق میں 81 پاکستانی قیدی موجود ہیں، بھارت کی جیلوں میں 738، چین میں 625، یونان میں 516، ملائیشیا میں 444، اٹلی میں 353 اور ترکی میں 190 پاکستانی قید ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں 141، برطانیہ میں 23، آسٹریلیا میں 27، تھائی لینڈ میں 35، ایران میں 169، افغانستان میں 91 اور کرغزستان میں 91 پاکستانی شہری مختلف جیلوں میں قید ہیں۔
واضح رہے وزارت خارجہ کی پیش کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک قید پاکستانی شہریوں کے مقدمات مختلف مراحل میں ہیں اور ہزاروں افراد کو عدالتوں سے سزائیں بھی سنائی جا چکی ہیں۔
مزید برآں فراہم کردہ معلومات کے مطابق ان قیدیوں پر منشیات کی اسمگلنگ، کرنسی سے متعلق جرائم، انسانی سمگلنگ، جعل سازی اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات یا مقدمات شامل ہیں۔