ڈی پی او کا مانسہرہ میں جاری چائنیز پراجیکٹس کا دورہ ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

پاک آرمی کے افسران نے انہیں بالخصوص سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی اہمیت، جاری سرگرمیوں اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی

October 19, 2026 · قومی
دورے کے دوران پاک آرمی، ایس ایس یو کے افسران، چائنیز حکام اور پراجیکٹ انتظامیہ کے نمائندے بھی موجود تھے

دورے کے دوران پاک آرمی، ایس ایس یو کے افسران، چائنیز حکام اور پراجیکٹ انتظامیہ کے نمائندے بھی موجود تھے

مانسہرہ : ڈی پی او مانسہرہ محمد وقاص خان کا ضلع مانسہرہ میں جاری چائنیز پراجیکٹس کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او مانسہرہ محمد وقاص خان نے ضلع مانسہرہ میں جاری چائنیز پراجیکٹس سنگڑ، گھنول، کھولیاں اور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سکی کناری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاک آرمی کے افسران نے انہیں بالخصوص سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی اہمیت، جاری سرگرمیوں اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔

دورے کے دوران پاک آرمی، ایس ایس یو کے افسران، چائنیز حکام اور پراجیکٹ انتظامیہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ڈی پی او مانسہرہ نے مختلف مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈی پی او مانسہرہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ چائنیز ماہرین، غیر ملکی عملے، ان کی رہائش گاہوں، نقل و حرکت اور پراجیکٹ سائٹس کی سیکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ نگرانی کے جدید نظام اور سی سی ٹی وی کیمروں کو مؤثر بنایا جائے، جبکہ سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لیے مشترکہ مشقوں اور سرچ آپریشنز کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ چائنیز شہریوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تحفظ مانسہرہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پاک چین دوستی اور ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت کے پیشِ نظر تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں۔