سندھ میں خطرناک عمارتوں میں قائم نجی سکولوں کے خلاف کارروائی کا حکم

نجی سکولوں کی عمارتوں کی جامع انسپکشن 15 روز میں مکمل کی جائے گی، محکمہ تعلیم

October 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: سندھ کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے خطرناک اور مخدوش عمارتوں میں قائم نجی سکولوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

محکمہ تعلیم نے ہدایات جاری کی کہ نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جامع انسپکشن 15 روز میں مکمل کی جائے گی، جبکہ مخدوش عمارتوں میں تعلیمی سرگرمیاں فوری بند کرنے اور زیر تعلیم طلبا کو محفوظ متبادل مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں کی نشاندہی، خطرناک عمارتوں میں قائم سکولوں کی رجسٹریشن کا ازسرنو جائزہ لینے اور حفاظتی معیار پر عمل درآمد یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔

اسکول مالکان اور پرنسپلز کو طلباء کی حفاظت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ عمارتوں کے حفاظتی ضوابط پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔