محسن نقوی کی قطری ہم منصب سے ملاقات،سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

October 20, 2026 · قومی
محسن نقوی کی قطری ہم منصب سے ملاقات،سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

محسن نقوی کی قطری ہم منصب سے ملاقات،سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیر داخلہ اور داخلی سلامتی فورس کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں داخلی سلامتی سے متعلق مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور خطے کی موجودہ صورتحال سمیت علاقائی امن و استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے متعلقہ وزارتوں کے درمیان تعاون کو مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور قطر علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ قطری وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

دوسری جانب، گلوبل سکیورٹی فورم کے موقع پر محسن نقوی نے اسپین اور لبنان کے وزرائے داخلہ جبکہ شام کے وزیر برائے ہنگامی امور و آفات سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

اسپین کے وزیر داخلہ نے غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ ان کے مطابق یورپ کی جانب غیرقانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی پر پاکستان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔