مریم نواز کا ہڈیوں کی بیماریوں سے بچاؤ اور علاج سے متعلق آگاہی پر زور
آسٹیوپوروسس کو خاموش بیماری کہا جاتا ہے کیونکہ ہڈی ٹوٹنے سے پہلے اکثر اس کی واضح علامات سامنے نہیں آتیں۔
مریم نواز کا ہڈیوں کی بیماریوں سے بچاؤ اور علاج سے متعلق آگاہی پر زور
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہڈیوں کی کمزوری کی بیماری سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور علاج کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنا ضروری ہے تاکہ لوگوں کو اس بیماری کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
عالمی یومِ آسٹیوپوروسس کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ سال 2026 کا خصوصی موضوع زندگی بھر ہڈیوں کی حفاظت اور انہیں مضبوط بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹیوپوروسس کو خاموش بیماری کہا جاتا ہے کیونکہ ہڈی ٹوٹنے سے پہلے اکثر اس کی واضح علامات سامنے نہیں آتیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہڈیوں کو مضبوط رکھنے کے لیے کیلشیم، وٹامن ڈی اور پروٹین سے بھرپور متوازن غذا استعمال کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی اور بروقت تشخیص ہڈیوں کی بیماریوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
مریم نواز کے مطابق پنجاب حکومت ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی اور فہرست میں شامل اسپتالوں کے ذریعے شہریوں کو ہڈیوں اور جوڑوں کی بیماریوں کے علاج کی مفت سہولت فراہم کر رہی ہے۔ مختلف حفاظتی پروگراموں کے تحت بیماریوں سے بچاؤ، ابتدائی تشخیص اور عوامی آگاہی کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے محکمہ بہبودِ آبادی پنجاب جبکہ مزدوروں کو بنیادی طبی سہولیات اور غذائی مشاورت فراہم کرنے کے لیے موبائل ہیلتھ یونٹس بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔