چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا ملتان میں یتیم بچے کی ہلاکت پر ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ
سارہ احمد کی ملتان ٹیم کوکیس کی پیروی تیز کرنےاور انصاف کی فراہمی یقینی بنانےکی ہدایت
فائل فوٹو
چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم کو گاڑی سے کچل کر قتل کرنے میں ملوث ملزم کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ عدالت میں تھپڑ مارنا کافی نہیں، وسیم کے قتل پر قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی ہونی چاہیے۔ ایک دن کی چھٹی مانگنے پر بچے کو گاڑی سے کچل کر قتل کرنے کا واقعہ انتہائی سنگین ہے۔
سارہ احمد نے کہا کہ وسیم کا قتل دانستہ اقدام ہے اور ملزم کو پاکستانی قانون کے تحت سخت ترین سزا دی جائے۔ انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کی ٹیم کو کیس کی فوری پیروی کرنے اور انصاف یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچے کو ادارے میں رکھنے والے یتیم خانے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ خلاف ورزیاں اور غفلت ثابت ہونے پر یتیم خانے کا لائسنس منسوخ کرکے ادارے کو سیل کیا جائے۔
سارہ احمد نے مزید کہا کہ کسی بچے کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑا جا سکتا اور ریاست بچوں پر تشدد برداشت نہیں کرے گی۔ بچوں کو تشدد اور موت نہیں بلکہ تحفظ، عزت اور انصاف ملنا چاہیے۔